Time 01 ستمبر ، 2022
پاکستان

فواد چوہدری کے الزام پر افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کا رد عمل

حامد خان ایک لیجنڈ ہیں جو فواد چوہدری کی کی پارٹی کے چیئرمین کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، کہاں حامد خان جیسا لیجنڈ اور کہاں فواد چوہدری جیسا گنگو تیلی: ارسلان— فوٹو : فائل
حامد خان ایک لیجنڈ ہیں جو فواد چوہدری کی کی پارٹی کے چیئرمین کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، کہاں حامد خان جیسا لیجنڈ اور کہاں فواد چوہدری جیسا گنگو تیلی: ارسلان— فوٹو : فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما  فواد چوہدری کے الزام پرسابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کا رد عمل سامنے آگیا ہے۔

ارسلان افتخار کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کا الزام بے بنیاد اور فضول ہے، حامد خان ایک لیجنڈ ہیں جو فواد چوہدری کی پارٹی کے چیئرمین کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، کہاں حامد خان جیسا لیجنڈ اور کہاں فواد چوہدری جیسا گنگو تیلی۔

ارسلان افتخار نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے فواد چوہدری تھیٹر میں جگتیں مارنے کا کردار چاہتے تھے، تھیٹر میں کام نہ ملنے پر سیاست میں بونگی جگتوں کے ذریعے بڑا ہونا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے دلائل میں کہا کہ فواد چوہدری نے کہا چیف جسٹس کو معافی مانگنی چاہیے۔

اس پر عمران خان کے وکیل حامد خان نے کہا کہ ہمارا اس بیان سے کوئی تعلق نہیں، اُس شخص (فواد چوہدری) سے کسی اچھائی کی توقع بھی نہیں کی جاسکتی۔

حامد خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے عمران خان کے وکیل کو سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کا پارٹنر قرار دے دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا عمران خان معافی مانگیں یا نہ مانگیں یہ مسئلہ نہیں ہے، عدالت کو مشورہ ہے کہ وہ شہباز گِل پر تشدد اور توہین عدالت کے کیس دونوں کو ساتھ سنے۔

ایک اور بیان میں فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ ابھی تک ہماری جماعت نے عوام کو روکا ہوا ہے، اگر فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا تو پھر فیصلہ عوام کریں گے۔

مزید خبریں :