05 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ پاکستانی بیٹر آصف علی کا کیچ چھوڑنے پر تنقید کی زد میں آئے بھارتی بولر ارش دیپ سنگھ کے دفاع میں بول پڑے۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کردیا۔
پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
میچ کے انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں پاکستانی بیٹر آصف علی کا کیچ چھوڑنے پر بھارتی بولر ارش دیپ سنگھ تنقید کی زد میں آگئے ۔
ہوا کچھ یوں کہ میچ کے اٹھارویں اوور میں پاکستان کو 16 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے اور کریز پر آصف علی اور خوشدل شاہ موجود تھے۔
پاکستانی اننگز کے 18 ویں اوور کی تیسری گیند پر آصف علی نے شاٹ ماری جس پر گیند ہوا میں گئی، بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ ، کیچ کی آوازیں لگائی گئیں لیکن فیلڈر ارش دیپ سنگھ نے آصف علی کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔
بعد ازاں آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے اور بھارت سے کامیابی چھین لی۔پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ شائقین نے ارش دیپ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ ارش دیپ سنگھ کے دفاع میں بول پڑے۔
محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارتی ٹیم کے تمام شائقین سے میری درخواست ہے کہ کھیل میں ہم انسان ہونے کے ناطے غلطیاں کرتے ہیں۔ براہ کرم ان غلطیوں پر کسی کی تذلیل نہ کریں'۔
اس کے علاوہ ہربھجن سنگھ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ'نوجوان ارش دیپ پر تنقید کرنا بند کریں،کوئی بھی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑتا، ہمیں اپنے لڑکوں پر فخر ہے، پاکستان نے بہتر کھیلا، شرم آتی ہے ایسے لوگوں پر جو اس پلیٹ فارم پر ارش اور ٹیم کے بارے میں گھٹیاں باتیں کہہ کر اپنے ہی کھلاڑیوں کو نیچا دکھا رہے ہیں'۔