Time 05 ستمبر ، 2022
کھیل

محمد رضوان، یہ شخص لوہے کا بنا ہے کیا؟

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف گروپ میچ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو گرم موسم کی وجہ سے کریمپس پڑ گئے۔ فوٹو فائل
ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف گروپ میچ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو گرم موسم کی وجہ سے کریمپس پڑ گئے۔ فوٹو فائل

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان مسلسل خود کو ایک فائٹر اور وارئیر ثابت کر رہے ہیں، ایشیا کپ متحدہ عرب امارات کی شدید گرمی میں کھیلا جا رہا ہے۔

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف گروپ میچ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو گرم موسم کی وجہ سے کریمپس پڑ گئے، محمد رضوان نے آرام کیا اور پھر ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے قبل مکمل فٹ ہوئے اور شارجہ کے گرم موسم میں بھی شاندار بیٹنگ کی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

بھارت کے خلاف سپر فور کے میچ میں کیپنگ کے دوران ایک باونسر کو باونڈر ی کی طرف جانے سے روکنے کی کوشش میں گراؤنڈ پر گرنے کی وجہ سے ان کے دائیں گھٹنے کو زوردار جھٹکا لگا، شدید تکلیف کی گراؤنڈ میں ٹریٹمنٹ کی گئی محمد رضوان نے ناصرف کیپنگ جاری رکھی بلکہ اس کے بعد تکلیف کے باوجود پین کلرز لے کر بیٹنگ کی۔

 کپتان بابر اعظم مسلسل تیسرے میچ جلد پویلین لوٹ گئے لیکن وکٹ کیپر نے سینئر بیٹر کے طور ذمہ داری نبھائی وارئیر اور فائٹر کا ایک بار پھر ثبوت دیتے ہوئے 51 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز 139.21 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلی، دو چھکے اور چار چوکے بھی لگائے۔

گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح اب یہاں متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں بھی محمد رضوان تسلسل کےساتھ رنز کر رہے ہیں، محمد رضوان نے بھارت کے خلاف گروپ میچ میں 55 گیندوں پر 43 اور ہانگ کانگ کے خلاف 52 گیندوں پر 78 رنز بنائے۔

میچ کے بعد محمد رضوان کو اسٹیڈیم سے سیدھا اسپتال لے جایا گیا کیونکہ ان کے ایم آر آئی اسکین کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کی تکلیف کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ محمد رضوان نے خود کو وارئیر اور فائٹر ثابت کیا، گزشتہ برس ٹی ٹونٹی ورکپ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کو سانس کی تکلیف کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں جانا پڑا تھا لیکن وہ میچ سے قبل فٹ قرار پائے اور ایکشن میں نظر آئے۔

محمد رضوان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے گھٹنے کی اس وقت جتنی تکلیف ہے وہ اس کے باوجود آنے والے میچز میں خود کو میدان میں اتارنے کے لیے تیار ہوں گے کیونکہ وہ پاکستان کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اس کا انحصار اسکین رپورٹ پر ہو گا جو کل ملنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں :