06 ستمبر ، 2022
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ میں جب تک ڈرین کا سسٹم نہیں بنائیں گے تو بارش یا سیلاب کا پانی کھڑا رہے گا، سندھ میں ڈرین سسٹم بنانےکیلئے جامع منصوبہ بندی کرنی ہے۔
کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سیلاب کا پھیلاؤبہت زیادہ ہے اور بہت زیادہ گھرانے متاثر ہوئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین کو امداد فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے وفاق کی طرف سے سندھ کیلئے 15ارب روپے گرانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت تین ارب روپے گلگت بلتستان ڈویژن اور 10 ارب روپے کی گرانٹ خیبرپختونخوا کو فراہم کرےگی۔
ان کا کہنا تھاکہ سندھ میں جب تک ڈرین کا سسٹم نہیں بنائیں گے تو بارش یا سیلاب کا پانی کھڑا رہے گا، سندھ میں ڈرین سسٹم بنانےکیلئے جامع منصوبہ بندی کرنی ہے، یہ سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے۔
سوات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سوات میں تباہی انسانوں کی پیدا کردہ ہے، کاش اس کا حل نکالا ہوتا، ایسےواقعات کی روک تھام کیلئے قوانین پرعمل درآمد میں یکسو ہونا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ایک جامع پلان بنانا ہوگا، یہ وقت عمل اور قوانین پر کاربند ہونےکا ہے۔