10 ستمبر ، 2022
کراچی کے علاقےکشمیر کالونی میں 10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
بہیمانہ واقعہ محمود آباد تھانےکی حدود میں پیش آیا، پولیس نے واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں مقتولہ کے پڑوسی کو گرفتار کرلیا، ملزم متاثرہ خاندان کا کرایہ دار ہے۔
پولیس کے مطابق اختر کالونی سے متصل کشمیر کالونی کی گلی نمبر 3 کے رہائشی پرویز کی دس سالہ بچی دعا فاطمہ کافی دیر تک لاپتہ رہی تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کر دی۔
کہیں سراغ نہ ملنے پر بچی کو کرائے دار کے گھر بھی تلاش کیا گیا تو اس کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچی کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق بچی کو بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، جسم کے دیگر حصوں کے علاوہ بچی کی گردن پر بھی تشددکے نشانات پائےگئے۔
ڈاکٹرز کے مطابق پوسٹ مارٹم اور وجہ موت کی تفصیلی رپورٹ کے لیے مختلف نمونے حاصل کیےگئے ہیں۔
بچی کے ساتھ زیادتی کی مزید تصدیق کے لیے ڈی این اے پروفائلنگ اور کراس میچنگ کے لیے بھی سیمپلز حاصل کرلیےگئے ہیں۔
محمود آباد پولیس کے مطابق بچی سے زیادتی اور قتل کیس میں دو ملزمان گرفتار ہیں جن کی شناخت ذیشان اور شاہ زیب کے ناموں سے ہوئی ہے، ایک ملزم کی نشاندہی پر دوسرے کو حراست میں لیا گیا ہے۔