ہم نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا: مفتاح اسماعیل

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 6 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہونے کے باوجود سپلائی لائن متاثر نہیں ہونے دی — فوٹو: فائل
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 6 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہونے کے باوجود سپلائی لائن متاثر نہیں ہونے دی — فوٹو: فائل

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مہنگائی ضرور ہے لیکن ہم نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 6 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہونے کے باوجود سپلائی لائن متاثر نہیں ہونے دی۔

وزیر خزانہ مفتاح اسمائیل نے اپٹما ہاؤس میں اپٹما رہنماؤں سے ملاقات کے بعد وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور اپٹما رہنما گوہر اعجاز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا پاکستان ڈیفالٹ کرنے والے چار ممالک کی فہرست میں تھا ہم نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا۔

انہوں نے مہنگائی بڑھنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بجلی کا فی یونٹ 60 روپے کا پڑتا ہے موجودہ حالات میں حکومت پیٹرول اور بجلی پر سبسڈی نہیں دے سکتی۔

اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو راستے تھے یا ہم ملک کو دیوالیہ ہوتا دیکھتے یا پھر اپنی سیاست قربان کر کے ملک کو بچاتے، ہم نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو بچایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت چلتی رہی تو مسائل حل ہوجائیں گے اگر تجربات کرتے رہے تو یہی حال ہوگا، 2018 میں آرٹی ایس بٹھانے کا خیمازہ آج پوری قوم نے بھگتا ہے۔

اپٹما رہنما گوہراعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے صنعتکار ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اپٹما کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ راشن بیگ حکومتی نشاندہی پر سیلاب زدگان میں تقسیم کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :