پاکستان
Time 12 ستمبر ، 2022

ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں اور ڈینگی کا مرض خطرناک صورت حال اختیار کرنے لگا ہے۔

اسلام آباد میں ایک دن میں مزید 55 افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے، ڈینگی کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 668 ہو گئی ہے ۔

وفاقی درالحکومت کے دیہی علاقے ڈینگی سے زیادہ متاثر ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں 36 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جب کہ شہری علاقوں میں ڈینگی سے بیمار ہونے  والے افراد کی تعداد 19 ہے ۔

رواں سال اسلام آباد میں ڈینگی سے تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے 4 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے نئے 105 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور صوبے میں مجموعی طورپر ڈینگی سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

سندھ میں 113 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں صوبے میں 113 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق107 افراد کراچی کے مختلف اضلاع میں رپورٹ ہوئے۔ 

سب سے زیادہ 38  افراد ضلع شرقی اور 26 ضلع جنوبی میں رپورٹ ہوئے، 21 ضلع وسطی، 10 افراد ضلع ملیر، 6 کورنگی اور 3،3 کیسز کیماڑی اور غربی میں سامنے آئے ہیں۔

 رواں ماہ شہر میں ڈینگی کے 950 کیسز سامنے آچکے ہیں اور اب تک 2 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں 30 سے زائد افراد ڈینگی کے باعث انتقال کرچکے ہیں، اس کے باوجود  شہر میں کسی بھی علاقے میں انسداد ڈینگی اسپرے نہیں کیا جارہا۔

 پنجاب میں ڈینگی کے 106نئے مریض رپورٹ 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے106نئےمریض رپورٹ ہوئےجن میں سے43کا تعلق راولپنڈی،30کا لاہور ،9کا گوجرانوالا اور 6کا ملتان سے ہے،، رواں سال کے دوران صوبے میں اب تک ڈینگی کے 2 ہزار 278 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ننکانہ صاحب اورپاکپتن سےڈینگی کے تین، قصور  اور  وہاڑی سے 2  اور  فیصل آباد، اٹک، گجرات، بہاولپور، بہاولنگر، چکوال، لودھراں اور جھنگ سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا، صوبےکے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 588 مریض زیرِ علاج ہیں۔

 بلوچستان کے اضلاع کیچ اورگوادر میں ڈینگی پر قابو نہیں پایا جاسکا

بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے ہائی رسک اضلاع کیچ اور گوادر میں ڈینگی کی صورت حال تشویش ناک ہے، دونوں اضلاع میں ڈینگی کے مزید 74 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کیچ اور گوادر میں ڈینگی وائرس کی صورت حال پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور روزانہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، ایک ہفتے کے دوران کیچ اور گوادر میں ڈینگی کے مزید 74 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور رواں سال کے دوران ڈینگی کے مجموعی کیسزکی تعداد 2 ہزار 974 ہوگئی ہے،کیچ میں ڈینگی کے 2 ہزار 629 اور گوادر میں 345 کیسز شامل ہیں۔

مزید خبریں :