19 فروری ، 2012
آبیان…یمن میں القاعدہ اور یمنی فورسز کے درمیان تازہ جھڑپ میں کم از کم دس فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ اتوار کو غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فورسز اور القاعدہ کے درمیان تازہ جھڑپ جنوبی صوبہ آبیان میں ہوئی۔ یمن کے ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ کم از کم دس فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ جھڑپ کے دوران القاعدہ جنگجوؤں کے جانی نقصان بارے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ یمنی سکیورٹی فورسز اور القاعدہ کے درمیان ان جھڑپوں کا سلسلہ حالیہ صدارتی انتخابات کے بعد اس وقت شدت اختیار کر گیا جب سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر القاعدہ کے خلاف آپریشن شروع کیا ،ان جھڑپوں میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔