باپ نے پڑھائی نہ کرنے پر 12 سالہ بیٹےکو آگ لگادی

فوٹو: جیو نیوز/ اسکرین شاٹ
فوٹو: جیو نیوز/ اسکرین شاٹ

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں باپ نے پڑھائی نہ کرنے پر 12 سالہ بیٹےکو  آگ لگادی جس کے باعث بچہ جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔

افسوس ناک واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں 14 ستمبر کوپیش آیا، رئیس امروہی کالونی کے بے رحم شخص نذیر نے اپنے 12 سالہ بیٹے شہیرکو صرف اس لیے تیل چھڑک کر آگ لگادی کہ اس نے اسکول کا ہوم ورک نہیں کیا تھا۔

زخمی حالت میں شہیرکو  پہلے قطر اسپتال اور  پھر سول اسپتال برنز وارڈ منتقل کیا گیا، اسپتال پہنچنے کے 35 گھنٹوں بعد شہیر  جان کی بازی ہارگیا، بیٹے کی درد ناک موت کے 2 دن بعد ماں نے اپنے شوہرکے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

پولیس نے ملزم نذیر کو گرفتار کرلیا،  ملزم نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کا بیٹا کچھ دنوں سے پڑھ نہیں رہا تھا، اسے ڈرانےکے لیے مٹی کا تیل اس پر ڈال دیا، ماچس کی تیلی ڈرانے کے لیے دکھائی مگر آگ لگ گئی، جیسے ہی بچے نے چیخیں ماریں تو اسے ہوش آیا اور بچے کو لےکر اسپتال گيا۔

پولیس کے مطابق بچے نے والد سے پتنگ اڑانےکی ضد کی تھی، باپ نے بچے سے پڑھائی کا پوچھا توبیٹاکوئی جواب نہ دے سکا جس پر باپ غصے میں آگیا ۔

ادھر ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم  نذیرکو 24 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

مزید خبریں :