Time 19 ستمبر ، 2022
پاکستان

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ : کراچی کی کونسی سڑکیں بند رہیں گی؟

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل 20 ستمبر سے ہورہا ہے— فوٹو: پی سی بی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل 20 ستمبر سے ہورہا ہے— فوٹو: پی سی بی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل 20 ستمبر سے ہورہا ہے۔ 

اس سلسلے کے 4 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ کراچی ٹریفک پولیس نے شائقین کرکٹ کی گاڑیوں کی پارکنگ اور شہریوں کیلئے متبادل راستوں کا خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔

عوام کے لیے پارکنگ انتظامات

کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوں گے ان کے لیے ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پارکنگ کرنے کیلئے اصل شناختی کارڈ اور  میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

پارکنگ کے مقامات اور ان کے راستے

نیشنل کوچنگ سینٹر (چائنا گراؤنڈ) پارکنگ برائے میڈیا

کارساز سے آنے والے میڈیا حضرات حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے سر شاہ سلیمان روڈ پر درج بالامقام پر اپنی گاڑی پارک کریں گے۔

ملینیم سے آنے والے میڈیا کے حضرات اسٹیدیم روڈ (پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے دائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر درج بالا مقام پر اپنی گاڑی پارک کر سکیں گے۔

نیو ٹاؤن سے آنے والے میڈیا حضرات اسٹیدیم روڈ (پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے ، آغا خان اسپتال کے بعد بائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر درج بالامقام پر اپنی گاڑی پارک کریں۔

ایکسپو سینٹر (پارکنگ برائے شائقین)

ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ) کے رہائشی براستہ لیاقت آباد نمبر 10، حسن اسکوائر سےایکسپو سینٹر میں اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انہیں نیشنل اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

اسی طرح نیو کراچی ، فیڈرل بی ایریا اور گلشن اقبال کے رہائشی براستہ نیپا درج بالا مقام پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے۔

ایسٹ(شرقی) ملیر اور کورنگی کے رہائشی شارع فیصل ڈرگ روڈ، ملینیم ، نیپا سے ہوتے ہوئے درج بالامقام پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے  جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انہیں نیشنل اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

ضلعی ساؤتھ (جنوبی)، سٹی کے رہائشی شارع فیصل یا پی پی چورنگی، جیل روڈ سے ہوتے ہوئے درج بالامقام پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انہیں نیشنل اسٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

بندر روڈ اور متبادل راستے

1-حسن اسکوائر فلائی اوور

لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ کسی بھی قسم کی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ٹریفک یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جا سکے گا۔ یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو ٹرننگ کی جانب اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم روڈ سے جانب حسن اسکوائر ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔

ہیوی ٹریفک

سہراب گوٹھ سے جانب نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے جانب حسن اسکوائر ، پی پی چورنگی سے جانب یونیورسٹی روڈ ، کارساز سے اسٹیڈیم روڈ، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام الناس سے گذارش کی گئی ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ 

مزید خبریں :