20 ستمبر ، 2022
کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کے مرکزی گیٹ کے سامنے ابلتے گٹروں اور سیوریج کا پانی پولیس کی کوششوں کے باوجود بند نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کنٹونمنٹ بورڈ اور علاقے کے ایک اور اہم ادارے کے مابین چپقلش سامنے آئی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ لائن برساتی پانی کے لیے مختص تھی جس میں علاقے کی رہائشی کالونی کی سیوریج لائن ڈال دی گئی اور لائن لوڈ برداشت نہیں کرسکی اور کئی مقامات پر بیٹھ گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ پولیس کا کام نہیں مگر اس کے باوجود نیشنل اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریاں شروع ہوتے ہی ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا گیا تھا اور ویڈیو بنا کر بھی پولیس نے ارسال کی ۔
گزشتہ روز جیو نیوز کی جانب سے بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا، مگر کوئی ہنگامی صورتحال نہیں دیکھی گئی اور آج شام پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ شروع ہو رہا ہے جس کے لیے پہنچنے والے شائقین اسی گٹر کے پانی سے متاثر ہوتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کے انکلوژر تک پہنچیں گے۔