24 ستمبر ، 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار منگل کو وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی لندن میں اہم ملاقات ہوئی اور کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار منگل کو وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے جبکہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں عمران خان کے لانگ مارچ، پنجاب حکومت کے خاتمے کیلئے اقدامات اور انتخابات آئندہ سال کرانے کے فیصلے بھی متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کو انٹرویو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ وطن واپسی پر سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا اور ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے اختتام پر پاکستان میں ہوں گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جو بھی ڈیوٹی لگائیں گے ماضی کی طرح نبھاؤں گا۔