26 ستمبر ، 2022
سیلاب نے جہاں ہر جگہ تباہی مچائی وہیں تھر کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے، تھر کے مکین اس پانی کے آنے سے خوش ہیں ان کا کہنا ہے کہ یہ پانی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
سیلابی ریلہ سانگھڑ نوابشاہ اور میر پور خاص میں تباہی مچانے کے بعد جب عمرکوٹ کو ڈبونے والا تھا تو صوبائی وزیر سردار شاہ نے پرانی قدرتی گزرگاہوں کو بحال کرتے ہوئے سیلابی ریلے کا رخ تھر کی جانب موڑ دیا جس سے عمر کوٹ ڈوبنے سے بچا لیا گیا تھا۔
تھری باشندے صحرا میں اس پانی کے آنے سے خوش ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان کیلئے یہ پانی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
شہریوں کا ماننا ہے کہ اگر عمر کوٹ کی طرح سندھ بھر میں قدرتی گزر گاہوں کو بحال کردیا جائے تو آئندہ نہ صرف سیلابی صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ آبادی و فصلوں کو بھی نقصانات سے بچایا جاسکتا ہے۔