Time 28 ستمبر ، 2022
پاکستان

مفتاح اسماعیل کی قسمت پر مہر کہاں لگی؟

اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جبکہ مفتاح اسماعیل اپنی اہلیہ کے ساتھ بدستور لندن میں موجود ہیں/فوٹوفائل
اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جبکہ مفتاح اسماعیل اپنی اہلیہ کے ساتھ بدستور لندن میں موجود ہیں/فوٹوفائل

لندن:  اسحاق ڈار نے سینیٹ آف پاکستان کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے، حلف اٹھانے سے ان کے مفتاح اسماعیل کی جگہ پاکستان کا نیا وزیر خزانہ بننے کی راہ ہموار ہوگئی ۔

سینٹرل لندن کے ایک اپارٹمنٹ میں ہونے والی 3  اہم میٹنگزمیں ان کی قسمت پر مہر لگائی گئی ۔ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل  کے لیے ذاتی طور پر اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ حکومت کے لیے  یہ ایونٹس بڑا موڑ ہیں ۔ 

اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا جبکہ مفتاح اسماعیل اپنی اہلیہ کے ساتھ بدستور لندن میں موجود ہیں۔

مفتاح اسماعیل ایشو کے حوالے سے پہلی میٹنگ وزیراعظم شہباز شریف کی لندن سے نیویارک روانگی سے قبل ہوئی تھی یہ میٹنگ مسلم لیگ ن سپریمو نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار کے مابین ہوئی تھی اور ان میٹنگز کی لوکیشن کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی گئی تھی ۔

سابقہ تمام میٹنگز کے برعکس اس ایشو پر3 میٹنگز میں سے پہلی میٹنگ حسن نواز شریف کے دفتر میں نہیں بلکہ اسلام آباد کے بلینیئر پاکستانی تاجر جواد سہراب ملک کے اپارٹمنٹ میں ہوئی تھی۔

دوسری میٹنگ ہفتے کو شریف برادران‘ اسحاق ڈار اور کچھ دیگر کے درمیان اسی اپارٹمنٹ میں ہوئی۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ ملاقات خفیہ مقام پر ہو رہی ہے لیکن اپارٹمنٹ کے پردے اور فرنیچر اس بات کا عندیہ دے رہے تھے کہ یہ ایون فیلڈ فلیٹس‘ اسحاق ڈار کے گھر یا حسن نواز کے دفتر میں نہیں ہے۔

میڈیا ہفتے کو پی ایم ایل این کے لیڈرز کی موومنٹ کو ٹریک کرنے کے لیے میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد مختلف لوکیشنز پر بھاگتے رہے۔ جب نواز شریف اور شہباز شریف کی ایک دوسرے سے سرگوشیوں کی تصاویر سامنے آئیں اور دوسری تصویر میں ایک وسیع کمرہ دکھایا گیا جس میں ایک اونچی عمارت میں تین فریم میں اسحاق ڈار موجود تھے۔ 

جلد ہی یہ بات سامنے آگئی کہ یہ میٹنگ جواد سہراب ملک کے اپارٹمنٹ میں ہوئی جو سینٹرل لندن کے مہنگے علاقے میں فلیٹس کے ایک بڑے بلاک میں واقع ہے جس میں زیادہ تر مڈل ایسٹ کے عرب اور روسی باشندے آباد ہیں ۔

اتوار کو تیسری اور آخری میٹنگ بھی اسی اپارٹمنٹ میں ہوئی جس میں مفتاح اسماعیل ‘ مریم اورنگزیب اور ملک احمد خان نے بھی شرکت کی اسی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اسحاق ڈار منگل کو وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھانے  کے لیے  وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ جہاز میں جائیں گے۔

مزید خبریں :