29 ستمبر ، 2022
کراچی کے علاقے صدر میں چینی ڈینٹل کلینک پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں دہشتگرد کے کسی سے رابطے میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق 32 سال عمر، 5 فٹ 8 انچ قد اور دبلی پتلی جسامت کا ملزم داڑھی والا تھا، ملزم شام 3:54 بجے صدر میں کلینک کے پاس پہنچا اور 4:06 بجے تک اپ اینڈ ڈاون گھومتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم 04:07 بجے ڈینٹل کلینک کے اندر گھسا اور دو منٹ بعد تھوکنے کے لیے باہر نکلا، سڑک پر تھوکنے کے دوران ملزم نے ماسک تارا جس سے اس کی شکل کیمرے میں ریکارڈ ہوئی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم نے کانوں پر موبائل فون ہینڈ فری لگا رکھا تھا اور کسی سے مسلسل رابطے میں تھا، ملزم کلینک کے اندر چند منٹ بیٹھا رہا اور اس نے 4 بج کر 8 منٹ پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو واردات کے بعد 04:10 بجے کلینک سے نکل کر فرار ہوتے دیکھا گیا، ملزم کا ساتھی اسٹارٹ موٹر سائیکل پر ایمپریس مارکیٹ کے سامنے جہانگیر پارک کے گیٹ پر موجود تھا۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ملزم بھاگتے ہوئے جمپ لگا کر موٹر سائیکل پر بیٹھا، دونوں ایم اے جناح روڈ کی طرف فرار ہوئے، واردات میں ملوث ملزم نے بلیو پینٹ شرٹ جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے نے ماسک اور شلوار قمیض پہنی تھی۔
پولیس تفتیش کے مطابق دہشتگردی میں ملوث ملزم نے ریڈ کیپ کے علاوہ چہرے پر ماسک بھی لگا رکھا تھا۔