30 ستمبر ، 2022
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کو لوٹا جا رہا ہو تو کیا محافظ کہہ سکتا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا انسانوں کے معاشرے میں کوئی قانون سے اوپر نہیں ہوتا اور جانوروں کے معاشرے میں انصاف و قانون نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے ڈاکو پیسا چوری کرکے باہر لے گئے اور ان کو این آر او دیا گیا، مریم سے پوچھا گیا تو کہا کہ لندن میں کیا پاکستان میں بھی پراپرٹی نہیں، 1100 ارب روپے جو اس قوم کا چوری ہوا وہ معاف ہو رہا ہے، یہ پیسہ چند لوگوں کی جیبوں میں جائے گا، قوم آج بدترین مہنگائی اور قرضوں میں ڈوب رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اس ملک کے محافظ سے سوال پوچھتا ہوں کہ اگر ڈاکو ملک کو لوٹ رہا ہو تو چوکیدار کہہ سکتا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں، پاکستان لوٹا جا رہا ہے اور وہاں سے کہتے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں، نیوٹرل کا یہ کام ہے کہ میڈیا کو بند کریں تو ملک کی حفاظت کون کرے گا، جب بھی کوئی کہے کہ میں غیرسیاسی ہوں تو سمجھ لیں کہ اس میں اور جانور میں کوئی فرق نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ساری قوم کو کال دوں گا تو واپسی نہیں ہو گی، مجھے اکیلے بھی نکلنا پڑے تو ان کے خلاف نکلوں گا لیکن ان چوروں کا ڈاکہ قبول نہیں کروں گا، مجھے جیل کا خوف نہیں ہے۔