04 اکتوبر ، 2022
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بشن سنگھ بیدی نے کرتارپور کا دورہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق بشن سنگھ بیدی نے کرتار پور پہنچ کر پاکستان کے سابق کپتان انتخاب عالم اور شفقت رانا سے ملاقات بھی کی۔
بھارتی نیوز اینکر راج دیپ سردسائی نے بشن سنگھ بیدی اور انتخاب عالم کی کرتارپور میں ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کی۔
دوسری جانب انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ بشن سنگھ بیدی ایک روز کے لیے کرتارپور آئے تھے تاہم اب وہ واپس چلے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بیدی صاحب کا ایک دن کا ویزا تھا ،انہیں جب ویزا ملا تو انہوں نے فون پر مجھے اطلاع دی تھی جس کے بعد ان کے پہنچنے پر میں نے اور شفقت رانا نے کرتارپور میں ملاقات کی اور لنگر بھی ایک ساتھ کھایا۔
انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ بیدی سے 50 سال پرانی دوستی ہے کرتار پور میں ہونی والی ملاقات میں یادیں تازہ کیں۔ماضی میں لوئی آرمسٹرونگ میرا پسندیدہ گلوکار تھا ، اس کا گانا گاتا تھا،بیدی کے کہنے پر ان کے سامنے بھی وہی گانا گنگنایا۔