07 اکتوبر ، 2022
وفاقی وزارت داخلہ نے 16اکتوبر کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
وزارت داخلہ کے خط کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات اوربلدیاتی انتخابات ملتوی کیےتھے، سیلاب اوراس کے بعد بیماریوں بالخصوص ڈینگی نے صورتحال مزید خراب کردی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اورایف سی وسیع پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے، وفاق اورصوبوں کی زیادہ ترتوانائیاں اور وسائل بحالی کےکاموں میں لگے ہیں۔
وزارت داخلہ نے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ مستند اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے، محاصرے کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں، اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کیلئے بھاری نفری درکارہوگی، ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اورایف سی پر شدید دباؤ ہوگا۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ان اداروں سے اضافی کام لیاگیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتےہیں، الیکشن کمیشن کوانتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات 90دن کیلئے ملتوی کیے جائیں۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی 9 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پرضمنی انتخابات میں پولنگ 16 اکتوبرکو ہوگی۔
قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں عمران خان امیدوار ہیں۔