10 اکتوبر ، 2022
قومی کرکٹ ٹیم میں سب سے فٹ آل راؤنڈر شعیب ملک اس وقت ٹیم کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ کرکٹ لیگز اور ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں باقاعدگی سے حصہ لیتے ہیں۔
شعیب ملک کی فٹنس کا معیار پاکستان ٹیم میں شامل کسی نوجوان سے کم نہیں بلکہ زیادہ ہی ہوگا اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب بھی پاکستان ٹیم میں شمولیت کے امیدوار ہیں۔
سابق کپتان شعیب ملک پاکستان جونیئر لیگ میں مینٹور بن کر بھی اپنی ٹریننگ کو نہیں بھولے اور پاکستان جونیئر لیگ کے میچ کے بعد اپنی ٹریننگ میں مصروف ہوجاتے ہیں۔
اس کے علاوہ جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر بھی ٹریننگ پر بھرپور توجہ دیتے ہیں۔
شعیب ملک اور عمران طاہر نے اکٹھے ٹریننگ کی، شعیب ملک گوجرانوالا جائنٹس اور عمران طاہر بہاولپور رائیلز کے مینٹور ہیں۔
شعیب ملک نے جیو نیوز کو بتایا کہ مجھے فٹ رہنے کا بہت شوق ہے، فٹ رہنے کے لیے ٹریننگ کرنے سے بہت ساری فرسٹریشن نکل جاتی ہے اور ٹریننگ کرنے سے پازیٹو انرجی آتی ہے، آپ منفی نہیں سوچتے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کرنا اور فٹ رہنا میرا لائف اسٹائل بن چکا ہے، میرا خیال ہے آپ جو کام بھی کریں وہ بھرپور انداز میں کریں، سب سے بڑھ کر یہ چیز ہے کہ آپ انجوائے کریں اور میں ٹریننگ کو انجوائے کرتا ہوں۔