12 اکتوبر ، 2022
منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا ردعمل سامنے آگیا۔
ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ شہباز شریف اور حمزہ شریف کے سر پر واری، ساتھ ہی انہوں نے قرار دیا کہ یہ عدالتی نظام کا عوام کے منہ پر ایک اور طمانچہ ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 14 ہزار اکاؤنٹس پر عرق ریز محنت ہوئی اور فول پروف مقدمہ تھا، یہ پاکستان کے لوگوں کے پیسے ہیں، ایک طرف سیلاب زدگان کے لیے پیسے مانگ رہے ہیں، دوسری طرف ایک خاندان اربوں روپےکھا گیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بری ہوگئے ہیں۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کا فیصلہ سنادیا ہے۔