پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2022

امریکی سفیردفترخارجہ طلب، بائیڈن کے بیان پر وضاحت مانگ لی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: بائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان کے معاملے پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفترخارجہ طلب کرکے وضاحت طلب کرلی گئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی سفیر کو احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے، امریکی سفیر سے مراسلے کے ذریعے امریکی صدر کے بیان پر وضاحت کا بھی کہا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہےکہ امریکی سفیر کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا گیا اور انہیں پاکستان کے ایٹمی اثاثہ جات کی حفاظت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

خیال رہےکہ امریکی صدر نے الزام عائدکیا ہےکہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے، اس بات کا خدشہ ہےکہ اسے کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کے بیان سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا، صدر بائیڈن کے بیان کے حوالے سے امریکی سفیر کو طلب کر کے ڈیمارش کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا امریکی صدر کا بیان حیران کن ہے لیکن پاکستان اپنی سالمیت کے بقا کے لیے پرعزم ہے، اگر کسی ملک کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں سوال اٹھتا ہے تو وہ بھارت ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی سمت درست ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے ایٹمی اثاثے محفوظ اور تمام عالمی قوانین کے مطابق ہیں۔

مزید خبریں :