15 اکتوبر ، 2022
ایڈیشنل آئی جی کراچی(کراچی پولیس چیف) جاوید عالم اوڈھوکا کہنا ہےکہ ضمنی الیکشن کی سکیورٹی کے حوالے سے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔
کراچی میں ضمنی الیکشن سے متعلق میڈیا بریفنگ میں کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ رینجرز، اسپیشل برانچ اور دیگر ادارے بھی ساتھ ہوں گے، 513 پولنگ اسٹیشنز 333 بلڈنگز میں بنائے جائیں گے۔
کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ پولیس کی نفری کی کل تعداد7 ہزار 595 ہے، افسر سمیت دس جوان ایک پولنگ اسٹیشن پر تعینات ہوں گے، ہر پولنگ اسٹیشن کو حساس اور انتہائی حساس سمجھ کر پلان بنایا ہے، کیو آر ایف اور اینٹی رائٹ فورس کے جوان بھی ایک افسر کے ماتحت کام کریں گے، عام انتخابات سے ہٹ کر سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع ملیر میں تین پولنگ اسٹیشنز پر ایک کیو آر ایف ٹیم ہوگی، مجموعی طور پر 170 موبائلیں اور 85 ٹیمیں کیو آر ایف کی تعینات ہوں گی، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جا رہے ہیں، تمام نفری کو انتخابی ضابطہ اخلاق سے متعلق تفصیلی بریف کیا ہے، امید ہےکہ انتخابی عمل خوش اسلوبی سے انجام کو پہنچےگا۔