16 اکتوبر ، 2022
این اے237 کراچی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کا کہنا ہےکہ این اے 237 ملیر نے 2018 کا بدلہ لیا،کراچی کے لوگوں نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے۔
ملیر میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے عبدالحکیم بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ پڑھے لکھے لوگ ہیں، کراچی کے عوام نے عمران خان کے بیان کو ردکردیا، این 239 میں بھی عمران خان کو کم ووٹ ملے اور ٹرن آؤٹ کم رہا، عمران خان کو اپنا بیانیہ تبدیل کرنا چاہیے۔
عبدالحکیم بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی میری پیدائش ہے، میں حلقےکے لیےکام کروں گا، میری اولین خواہش ہوگی کہ گرین بیلٹ کو بچائیں، اعتماد کرنے پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، قدیمی گوٹھوں کو لیز دلوانا اولین ترجیح ہے، قبرستانوں کے لیےکراچی میں زمین نہیں بچی، کوشش ہوگی نئے قبرستانوں کے لیے زمین مختص کراؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے شاید بھگدڑ میں گر کر زخمی ہوئے، تحریک انصاف کے ایم پی اے کا تشددکا الزام سفید جھوٹ ہے۔
خیال رہے کہ این اے 237 ملیر سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو دس ہزار ووٹوں سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا، عبدالحکیم بلوچ 32 ہزار 567 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، عمران خان 22 ہزار 493 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس نشست پر پہلے پی ٹی آئی کے کیپٹن ریٹائرڈ جمیل خان کام یاب ہوئے تھے۔