19 اکتوبر ، 2022
کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں بھیم پورہ سے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار نوجوان کراچی کی لانڈھی جیل میں پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔
جناح آباد کے رہائشی اکرم بلوچ کے مطابق ان کے بھتیجے صابر اشرف کو نیپیئر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
نیپیئر پولیس کے مطابق صابر ولد اشرف کو 3 اگست کی صبح سالار کمپاؤنڈ میں پولیس چوکی کے قریب مشتبہ دیکھ کر تلاشی لی تو اس کے قبضے سے 60 گرام ہیروئن پر مشتمل تین تھیلیاں برآمد ہوئی تھیں، جس پر اسے گرفتار کرکے ایف آئی آر نمبر 216/22 درج کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق بعد ازاں ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر لانڈھی جیل بھیج دیا گیا تھا اور اس کے خلاف مقامی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت تھا۔
اکرم بلوچ کے مطابق بدھ کو انہیں پولیس کی جانب سے صابر کی لاش کی جناح اسپتال میں موجودگی کی اطلاع دی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ صابر کی موت مبینہ طور پر کثرت نشہ سے ہوئی ہے، لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد کے مطابق قیدی صابر نشے کا عادی تھا، اتوار 16 اکتوبر کو اس کی طبیعت خراب ہو گئی تھی جس پر اسے جناح اسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق اسپتال میں علاج کے دوران صابر کی موت واقع ہوئی، قانونی طور پر دفعہ 176 کے تحت مجسٹریٹ کی نگرانی میں لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے، جس کی حتمی رپورٹ آنے پر ہی وجہ موت سامنے آسکےگی۔