02 نومبر ، 2022
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ آئر لینڈ کی ویمن ٹیم اچھی ہے، ان کی کھلاڑی انگلینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ رکھتی ہیں، آئرش کھلاڑیوں کی جارحانہ اپروچ ہے اور وہ مضبوط ارادے کی ساتھ کھیلتی ہیں، یہ ایک چیلنجنگ سیریز ہے اور ہمیں بھی ان کے انداز میں کھیلنا ہو گا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا تھا آئی سی سی ویمن چیمپئین شپ کے لیے پوائنٹس بڑی اہمیت کے حامل ہیں، ہر ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ پوائنٹس اپنے نام کرے اور ہمارا بھی یہی ٹارگٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا امید ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز بہت اچھی رہے گی، آئندہ ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھی یہ سیریز اہم ہے۔
ندا ڈار نے کہا کہ اسپنرز ہمارا پلس پوائنٹ ہیں لیکن بیٹرز کو اس مرتبہ تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہو گا، انہیں ذمہ داری لینا ہو گی اور اپنے پوٹینشل کے مطابق کھیلنا ہو گا، بیٹرز کو چیلنج لینا پڑے گا تاکہ ورلڈ کپ کی اچھی تیاری ہو سکے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ میرا ٹارگٹ یہی ہوتا ہے کہ بیٹ اور بال سے اچھا کروں اور ٹیم کو جتواوؤں، میں نے دنیا کی بہترین آل راؤنڈرز بننا ہے اس کے لیے میں محنت کرتی ہوں اور 100 فیصد دینے کی کوشش کرتی ہوں۔