03 نومبر ، 2022
نامور اداکار و گلوکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی پاکستانی مداحوں کا اپنے لیے پیار دیکھ کر پاگل ہوجائیں گے۔
فرحان ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'ٹچ بٹن' کی تشہیر میں مصروف ہیں، اسی حوالے سے ایک ویب شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے پاک بھارت میچز اور بھارت کے پاکستان آنے پر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایشیاکپ کے لیے پاکستان ضرور آنا چاہیے، یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ بھارتی بورڈ نے پاکستان آنے سے منع کیا ہو، ایسا پہلے بھی ہو چکا ہے، بطور کرکٹ فین بھارت کے اس بیان سے میرا دل دُکھا ہے۔
فرحان سعید نے کہا کہ مجھے اس بات پر اس لیے اتنا غصہ آتا ہے کیوں کہ میں بھارت جاچکا ہوں، دہلی میں میرے بہت سے بہترین دوست بھی ہیں جن کے پاس میں ٹھہرتا رہا ہوں، جب میرے ذہن میں یہ آتا ہے کہ اب اس لڑائی سے ہم مل نہیں سکیں گے تو مجھے دکھ ہوتا ہے۔
انٹرویو میں اداکار نے کہا کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے اور پھر آپ دیکھیں کیسا میلہ لگے گا جب کرکٹ فین ہوٹلوں کی لابیز میں، ہوٹلوں کے باہر بھارتی ٹیم کو ملنے کے لیے مجمع لگائیں گے، ویرات کوہلی یہ دیکھ کر پاگل ہو جائے گا کہ اُسے بھارت سے زیادہ پیار تو پاکستان میں مل رہا ہے۔