03 دسمبر ، 2012
کراچی …کراچی کے علاقے ابولحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں مدرسے کے مہتمم کی ہلاکت کے بعد گلشن چورنگی کے قریب مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پرگاڑی پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے مدرسہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا محمد اسماعیل جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے گلشن چورنگی پرٹائرجلائے اور ایک ایمبولینس سمیت 5 گاڑیوں کو آگ لگادی اور پتھراؤ کیا جس سے علاقے میں ٹریفک معطل اور دکانیں و کاروبار بند ہوگیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے میں مصروف ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ اور پولیس ورینجرز نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مشتعل افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔علاقے میں کشیدگی کے باعث راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال، نیپا پل ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بندہے۔