15 نومبر ، 2022
اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس میں دورکنی تحقیقاتی ٹیم دبئی میں نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال سے پوچھ گچھ کرےگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے سفارتخانےکے قونصل جنرل کے ذریعے دبئی پولیس سے معاونت کی درخواست کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دو رکنی ٹیم نے سلمان اقبال سے ارشد شریف سے متعلق سوالات بھی تیار کر رکھے ہیں۔
سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رواں ہفتے سلمان اقبال سے پوچھ گچھ کا موقع مل جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ تحقیقاتی ٹیم نے سلمان اقبال اور طارق وصی کو سوال نامہ بھیج دیا ہے اور حقائق جاننےکے لیے قائم کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، سلمان اقبال اور طارق وصی سے فون کا ریکارڈ اور اپنا مکمل مؤقف پیش کرنےکو بھی کہا گیا ہے۔
خیال رہےکہ سلمان اقبال نے ارشد شریف کیس میں تحقیقات میں مدد دینےکے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں سلمان اقبال نےکہا تھا کہ یہ کہا جا رہا ہےکہ مجھے ارشد شریف کی موت کی تحقیقات میں شامل ہونا چاہیے، مجھے مسلم لیگ ن کی حکومت میں آزاد تفتیش پر یقین نہیں ہے لیکن اس سلسلے میں مجھ سے جو سوال پوچھے جائیں گے ان کا جواب دوں گا۔
سلمان اقبال نے مطالبہ کیا تھا کہ ارشد شریف کیس کی تحقیقات کی نگرانی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کا دفتر کرے تو اسے ان کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔
پاکستانی تفتیش کاروں میں ایف آئی اے کے اطہر وحید اور آئی بی کے عمر شاہد حامد شامل ہیں۔