04 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ سی این جی کو مرحلہ وار ختم کرنا ہے،سی این جی 1000 سی سی گاڑی اور پبلک ٹرانسپورٹ تک محدود کریں گے، اِس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کے لیے صوبوں سے بات چیت ہوئی ہے۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھاکہ سی این جی کا شعبہ یومیہ 425 ملین مکعب فٹ گیس استعمال کر رہا ہے، اس سیکٹر کو زیادہ گیس کے استعمال سے روکنا ہے، سپریم کورٹ نے سی این جی کی قیمتوں میں حکومت کی مدد کی ہے ، سپریم کورٹ فیصلہ نہ کرتی تو شائد ایسا کرنا حکومت کے لیے مشکل ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ منافع لینے والوں نے سی این جی اسٹیشنز بند کر دیئے ہیں، جن کو منافع مل رہا ہے وہ سی این جی اسٹیشنز آج بھی چل رہے ہیں۔ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ وہ کل سپریم کورٹ میں اپنی پالیسی گائیڈ لائن جمع کرائیں گے ، گھریلو صارفین ترجیح ہیں، پھر کھاد کارخانوں اور صنعت کا پہیہ بھی چلانا ہے۔