02 دسمبر ، 2022
حکومت پنجاب نے لاہورکے مال روڈ کا حسن دوبالا کرنے کیلئے بجلی کے کھمبے ہٹا کر تاریں زیر زمین بچھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
زیر غور منصوبہ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا جب کہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔
تقریب سےکمشنر لاہور عامر جان اور چیئرمین مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سہیل بٹ نے بھی خطاب کیا اور منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مال روڈ لاہور کو دلکش بنانے کے منصوبے کا افتتاح دیال سنگھ مینشن میں سیکرٹری بلدیات سید مبشر حسین اورڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری بلدیات نے جیو نیوز کو بتایا کہ نیا منصوبہ مال روڈ کا نقشہ بدل کررکھ دے گا۔
جیو سے گفتگو کے دوران کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ منصوبوں میں عدم تسلسل کےباعث لاہور شہر کی خوبصورتی اجاگر نہیں ہوسکی۔