05 دسمبر ، 2022
سندھ بھر کی طرح صوبائی دارالخلافہ کراچی میں بھی سندھی ثقافت کا دن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔
اس سال بھی سندھ کے باسیوں نے یوم ثقافت سندھ بھرپور جو ش و خروش سے منایا، سندھی ٹوپی، اجرک اور دیگر ثقافتی لباسوں میں ملبوس سیکڑوں مرد، عورتوں اور بچوں نے ثقافتی ریلیوں میں شرکت کی اور سندھی گیتوں پر رقص کیا۔
سندھی ثقافتی دن کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ مرکزی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو، اور دیگر مقررین نے کہا کہ سندھ کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے، سندھ نے دنیا کو امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیا، جبکہ شاہ لطیف بھٹائی اور سچل کی فکر لوگوں کو جوڑنے کا درس دیتی ہے۔
سندھ کے یوم ثقافت کی تقریبات رات تک جاری رہیں جہاں مقامی فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن سے لوگوں کو خوب محظوظ کیا۔
یوم ثقافت کے موقع پر کراچی کی سڑکوں پر ہر طرف سندھ کی ثقافت کے رنگ نظر آئے، کہیں اجرک کے رنگوں میں رنگے لباس تو کہیں پگڑیاں، نوجوان لڑکے، لڑکیوں اور بچوں کا جوش دیدنی تھا جبکہ سندھی گیتوں پر روایتی رقص لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔