پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2022

عمران کو گندی سیاسی مہم کیلئے ڈیلی میل کا استعمال کرنے پر شرم آنی چاہیے: وکیل شہباز شریف

عمران خان کی قیادت میں انتقامی اور مایوسی کا شکار سابق حکومت کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے: مصطفیٰ رمدے۔ فوٹو فائل
عمران خان کی قیادت میں انتقامی اور مایوسی کا شکار سابق حکومت کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے: مصطفیٰ رمدے۔ فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل مصطفیٰ رمدے کا کہنا ہے کہ عمران خان کو شرم آنی چاہیے کہ انہوں نے گندی سیاسی مہم کے لیے برطانوی اخبار ڈیلی میل کا استعمال کیا۔

سیلاب کے فنڈ میں خرربرد سے متعلق کیس میں ڈیلی میل کی جانب سے معافی مانگنے پر شہباز شریف کے وکیل مصطفیٰ رمدے نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں شہباز شریف کے وکیل مصطفیٰ رمدے کا کہنا تھا عمران خان کی قیادت میں انتقامی اور مایوسی کا شکار سابق حکومت کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔

مصطفی رمدے کا کہنا تھا عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے کہ انہوں نے کس طرح شہبازشریف پر کیچڑ اچھالا اور کرپشن کا جھوٹ گھڑا، اس گندی مہم کے لیے ڈیلی میل کو استعمال کیا، قانون کی حکمرانی پر شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی اخبار نے جھوٹی خبر شہباز شریف سے معافی مانگتے ہوئے صحافی ڈیوڈ روز کی خبر بھی ویب سائٹ سے ہٹا دی تھی، معافی نامہ ویب سائٹ پر لگا کر کہا کہ غلطی ہوگئی، معاف کر دیں۔

14 جولائی 2019 کی خبر میں شہباز شریف پر 2005 کے زلزلہ متاثرین کی امداد چوری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اخبار نے اپنی وضاحت میں لکھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف پر برطانوی شہریوں کا پیسہ یا ڈی ایف آئی ڈی گرانٹ میں خردبرد کا الزام کبھی نہیں لگایا، غلطی پر شہباز شریف سے معافی مانگتے ہیں۔

ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ قبول کرتے ہیں کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا، شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں۔

شہبازشریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف اس آرٹیکل پر مقدمہ کردیا تھا۔

شہبازشریف نے مؤقف اپنایا تھا کہ مضمون سے ان کی ’ذاتی اورپیشہ ورانہ ساکھ‘کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

مزید خبریں :