07 دسمبر ، 2012
کراچی…ٹائم میگزین کی 2012 کی اہم ترین شخصیات کی سالانہ فہرست میں اب تک کی گئی ووٹنگ میں پاکستان کی ملالہ یوسفزئی تقریباً تین لاکھ ووٹوں کے ساتھ پندرہویں نمبر پر ہیں۔ٹائم میگزین کی اس فہرست کے حتمی نتائج کا اعلان اکتیس دسمبر کو شائع ہونے والے شمارے میں کیا جائے گا۔ ووٹنگ کا عمل بارہ دسمبر تک جاری رہے گا۔اب تک ڈالے گئے ووٹوں کے مطابق سرِ فہرست شمالی کوریا کے نئے رہنماء کم جون آن ہیں جنہیں دیگر شخصیات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ووٹ ملے ہیں۔کم جون آن کو اب تک تینتالیس لاکھ سے زیادہ ووٹ مل چکے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر امریکی مزاحیہ اداکار جان سٹوئرٹ دس لاکھ کے قریب ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔دیگر نامزد شخصیات میں ابھی تک امریکہ وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن لگ بھگ ساڑھے پانچ لاکھ ووٹوں کے ساتھ نوویں، مصری صدر محمد مرسی گیارہویں جبکہ شامی صدر صدر بشار الاسد چودہویں نمبر پر ہیں۔بی بی سی اردو سروس میں گل مکئی کے نام سے سوات سے ڈائریاں لکھ کر عالمی شہرت حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر سوات میں ایک سکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں دو طالبات سمیت زخمی ہوگئیں تھیں۔اس واقعے کے بعد اٹھاسی ہزار سے زائد افراد نے آن لائن پٹیشن پر دستخط کر کے ملالہ یوسفزئی کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھر اقوامِ متحدہ نے دس نومبر کی تاریخ کو عالمی سطح پر ’ملالہ‘ کے نام سے منسوب کر دیا تھا۔ٹائم میگزین کی اس فہرست میں شخصیات اور ان کی حتمی درجہ بندی، میگزین کے مدیر کرتے ہیں تاہم وہ اس بات کا ضرور خیال رکھتے ہیں کہ انٹرنیٹ کے ذریعے عالمی سطح پر ووٹنگ میں لوگوں نے کس کو چْنا۔ میگزین کی ویب سائٹ کے مطابق ان شخصیات کا چناوٴ اس بنیاد پر کیا جاتا ہے کہ کون سال بھر میں دنیا پر کتنا اثر انداز ہوا۔ووٹنگ کے بارے میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ شرکاء نامزد چالیس شخصیات میں سے کسی ایک شخصیت کے حق میں ووٹ ڈالنے کی بجائے ابتدائی فہرست میں سے ہر شخصیت کے بارے میں اس سوال کا جواب دیتے ہیں کہ کیا انھیں اس سال کی اہم ترین شخصیت بننا چاہیے یا نہیں۔ جواب دینے کے لیے شرکاء کے پاس صرف دو ہی آپشنز ہیں۔ یا تو ’ضرور‘ یا پھر ’ہرگز نہیں‘۔ شرکاء کی مرضی ہے کہ وہ کن شخصیات کو اور کتنی بار ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔اگر یہ دیکھا جائے کہ کس کے مخالف ووٹ سب سے کم ہیں تو اْس فہرست میں ملالہ پہلے نمبر پر ہیں۔ٹائم میگزین کی اس فہرست کے حتمی نتائج کا اعلان اکتیس دسمبر کو شائع ہونے والے شمارے میں کیا جائے گا۔ ووٹنگ کا عمل بارہ دسمبر تک جاری رہے گا۔