16 دسمبر ، 2022
کراچی: قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق دائیں ٹانگ میں دوبارہ کھچاؤ کے باعث لنگڑا کر چلنے لگے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ کل سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گا اور دونوں ٹیمیں آج پریکٹس کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں تاہم امام الحق ٹریننگ کے دوران پریکٹس نہیں کر رہے۔
ذرائع کے مطابق امام الحق دوبارہ اپنی دائیں ٹانگ میں کھچاؤ محسوس کر رہے ہیں اور لنگڑا کر چل رہے ہیں، ان کے دائیں گھٹنے پر آئس بیگ لگا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ امام الحق ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث امام الحق کو ایم آر آئی کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا۔
ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں امام الحق بطور اوپنر بیٹنگ کے لیے نہیں آئے تھے بلکہ وہ نچلے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تھے۔