Time 17 دسمبر ، 2022
کھیل

کراچی ٹیسٹ کا پہلا روز: پاکستان 304 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 7 رنز بنالیے

بابر اعظم 78، آغا سلمان 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی 45 رنز بناسکے۔ فوٹو کرک انفو
بابر اعظم 78، آغا سلمان 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی 45 رنز بناسکے۔ فوٹو کرک انفو

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 7 رنزبنالیے۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عبد اللہ شفیق 8 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ 46 کے مجموعے پر شان مسعود بھی 30 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں  اظہر علی اولی رابنسن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

سعود شکیل 23 رنز بنا کر ریحان احمد کا شکار بنے جبکہ محمد رضوان 19 رنز بنا کر جو روٹ کی فل ٹاس گیند پر  بین اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، بابر اعظم 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

آغا سلمان اور نعمان علی نے انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی لیکن 20 رنز بنا کر نعمان علی بین اسٹوکس کا شکار بنے۔

نعمان کے بعد آغا سلمان بھی 56 اور ابرار 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور یوں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلش بولرز کی جانب سے جیک لیچ نے 4، ریحان احمد نے 2  جبکہ رابنسن، مارک ووڈ اور روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلش ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز زیک کراؤلی اور بین ڈکٹ نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں زیک کراؤلی صفر پرآؤٹ ہوئے اور انہیں ابرار نے آؤٹ کیا۔

کھیل کے پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نےایک وکٹ پر 7 رنزبنالیے اور ابھی 297 رنزکا خسارہ باقی ہے۔

بین ڈکٹ 4 اور اولی پوپ 3 رنزبناکر وکٹ پرموجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ابراراحمد نے وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئیں

قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

 قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں محمد وسیم جونیئر ڈیبیو کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اظہر علی، نعمان علی اور  شان مسعود کو بھی پیلنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 

تیسرے ٹیسٹ کے لیے امام الحق، محمد علی، زاہد محمود اور محمد نواز  کو آرام دیا گیا ہے۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے لیکن پہلی ترجیح سیریز تین صفر سے جیتنا ہے۔

بین اسٹوکس نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ریحان احمد ٹیسٹ ڈیبیو کر  رہے ہیں۔

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔

مزید خبریں :