Time 18 دسمبر ، 2022
کھیل

شاہد آفریدی کے پی ایس ایل 8 نہ کھیلنے پر شاہین آفریدی نےکیا کہا؟

پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ایونٹ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کی ڈرافٹنگ کا عمل ہوچکا ہے جس میں فرنچائزز نے متعدد ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کا انتخاب کیا۔

تاہم پاکستان کے سابق جارح مزاج سپر اسٹار بوم بوم آفریدی کسی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے اور اسی حوالے سے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی سے سوال بھی کیا گیا۔

فاسٹ بولر سے پوچھا گیا کہ شاہد آفریدی فی الحال کسی ٹیم سے منسلک نہیں ہیں، تو کیا مستقبل میں انہیں لاہور قلندرز کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے؟

جواب میں شاہین نے کہا 'لالا نہیں ہیں تو کیا ہوا، آپ کو شاہین آفریدی تو نظر آئے گا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں اور عوام کو تفریح فراہم کریں، میرا ری ہیب جاری ہے، میں جلد میدان میں کھیلتا نظر آؤں گا۔

دوسری جانب شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں پی ایس ایل کے 7 سیزنز میں ایکشن میں دیکھا گیا۔

سابق کپتان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا 'پی ایس ایل میرے پسندیدہ ٹورنامنٹس میں سے ایک رہا ہے، یہ کچھ یادیں ہیں جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی، وہ کھلاڑی جنہیں پی ایس ایل 8 کے لیے منتخب کیا گیا ہے، انہیں میری طرف سے مبارک ہو'۔

ساتھ ہی لالا نے تمام ٹیمز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل میں پشاور زلمی، کراچی کنگز، کوئٹی گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :