18 دسمبر ، 2022
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام لکھے خط پر کوئی جواب نہ ملنے پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے بدھ یا جمعرات کو اسپیکر راجا پرویز اشرف کے سامنے پیش ہونے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان آج پارٹی مشاورت میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کو اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کے حوالے سے حتمی تاریخ کی منظوری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کچھ روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اراکین کے استعفوں کی تصدیق کے لیے وقت مانگا تھا تاہم اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تاحال استعفوں کی تصدیق کے لیے وقت نہیں دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی اپنے خطاب میں کہا تھا کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے ہم قومی اسمبلی میں اسپیکر کے سامنے کھڑے ہو کر استعفے منظور کرنے کا کہیں گے۔