19 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کا کہنا ہے اگر کراچی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ انگلینڈ کو تین سو کے لگ بھگ ہدف دینے میں کامیاب رہی تو بولرز اس کا دفاع کرسکتے ہیں۔
کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے بولر نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ میں اپنے کیرئیر کا آغاز انجوائے کر رہے ہیں، خوش ہیں کہ ٹیسٹ ڈیبیو ہوا اور ڈیبیو پر ہیری بروک جیسے بیٹر کی وکٹ حاصل کی جو کافی اچھا کھیل رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہش تھی کہ اس ٹیسٹ میں بین اسٹوکس کی وکٹ حاصل کریں، ان کو رن آوٹ کرانے میں کردار ادا کیا جس پر بھی خوشی ہے، کوشش ہوگی کہ اگلی اننگز میں بین اسٹوکس کی وکٹ بھی حاصل کریں، انہوں نے کہا کہ جس طرح ہیری بروک بیٹنگ کر رہا تھا اس کی وٹ پر بھی کافی خوشی ہے۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے کہا کہ وکٹ پر کوئی خاص باؤنس نہیں تھا اس لیے کوشش تھی کہ ایک لائن پر بولنگ کریں ، جب گیند پرانا ہوا تو تھوڑا ریورس ہوا تھا جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ۔
محمد وسیم جونیئر نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ میں کافی محنت درکار ہوتی ہے، وہ اس فارمیٹ کیلئے اور اپنی ریورس سوئنگ کو اور بھی بہتر کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کریں گے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تیسرے روز مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، کوشش ہوگی کہ انگلینڈ کو ایک بڑا اہدف دیں، اگر تین سو سے کے لگ بھگ ہدف دیا تو بولرز اسکا دفاع کرنے میں کامیاب رہیں گے کیوں کہ وکٹ پر کریکس آرہے ہیں جس سے اسپنرز کو مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے ہیں اور ابھی 29 رنز کا خسارہ باقی ہے۔