20 دسمبر ، 2022
بلوچستان کے شہر بیلا میں ہوئے سلنڈر دھماکے کے 10 زخمی کراچی کے سول اسپتال میں جاں بحق ہو گئے۔
اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جبکہ دھماکے کے 13 زخمی ابھی بھی کراچی کے اسپتال میں تشویشناک حالت میں ہیں۔
پولیس کے مطابق بلوچستان کے شہر بیلا میں منی بس اسٹاپ چونگی کے قریب ایک دکان میں گزشتہ روز سلنڈر کے خوفناک دھماکے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ دھماکے کے بعد آگ لگنے سے25 افراد شدید جھلس گئے تھے جنہیں ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے اور دیگر ذرائع سے کراچی کے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ زخمی برنس سینٹر میں زیر علاج تھے جن میں سے 10 متاثرین منگل کی صبح تک جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 23 سالہ محمد اقبال، 32 سالہ ہدایت اللہ، 30 سالہ منظور، 27 سالہ برکت علی، 18 سالہ محمد یونس، 34 سالہ ظہور احمد، 35 سالہ حاجی محمد عمر، 45 سالہ غلام سرور، 35 طلسی داس اور 26 سالہ مہیش کمار شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے کے 13 زخمی ابھی بھی سول اسپتال کے برنس سینٹر میں زیر علاج ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بیلا میں ہوئے اس دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں اطراف کی 7 دکانیں ایک ہوٹل اور بازار میں کھڑی لگ بھگ 25 موٹر سائیکل اور دیگر عملہ جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔
موصول اطلاعات کے مطابق بیلا میں اس افسوس ناک واقعہ کے بعد امدادی کام جاری ہے۔