20 دسمبر ، 2022
پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں باوقار طریقے سے واپسی کی شرط رکھ دی۔
ذرائع کے مطابق پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار کے گروپوں کو ایم کیو ایم پاکستان کے جھنڈے تلے ایک کرنے کیلئے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز ہوگیا۔
ذرائع نے بتایاکہ پی ایس پی کے رہنماؤں نے باوقار طریقے سے واپسی کی شرط رکھ د ی ہے جبکہ فاروق ستار جلد انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی شرط سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں گروپوں کے اتحاد کیلئے گورنر سندھ اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے بھی پریس کانفرنس میں پی ایس پی رہنماؤں کی واپسی پر مثبت ردعمل دیا ہے۔