Time 24 دسمبر ، 2022
پاکستان

کراچی: بینک کا گارڈ ڈاکوؤں کا ساتھی نکلا، 50 لاکھ کی ڈکیتی کرادی، ویڈیو سامنے آگئی

کراچی میں شاہراہ فیصل پر بینک کا محافظ ہی ڈاکوؤں کا ساتھی نکلا جس نے بڑی رقم کی اطلاع دے کر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کرادی۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق رواں سال 16 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ایف ٹی سی بلڈنگ میں واقع بینک سے نجی کمپنی کے مالک 51 لاکھ روپے نکلوائے تھے،  وہ اپنے دفتر کے ملازمین کے ہمراہ کار میں رقم لے کر پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں واقع اپنے دفتر آئے تو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح ملزمان نے انہیں دفتر کے گیراج میں گھس کر یرغمال بنا لیا اور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ٹیپو سلطان پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی، دوران تفتیش جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کے برقی رابطوں کا سراغ لگایا گیا تو ایف ٹی سی بلڈنگ میں واقع اسی بینک کا سکیورٹی سپروائزر خاور خان ڈاکوؤں کا رابطہ کار نکلا۔ 

پولیس کا کہناہےکہ حساس ادارے کے ساتھ کارروائی کے دوران شواہد ملنے پر سکیورٹی سپروائزر خاور خان کو گرفتار کیا گیا،  ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے کمپنی مالک کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع اپنے ساتھی ملزمان کو دی تھی۔ 

ایس ایچ او ٹیپو سلطان عظمیٰ خان کے مطابق اس واردات کا مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد ہے جو اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ بینک کے باہر موجود تھا اور سکیورٹی سپروائزر خاور خان کی کال پر رقم لے جانے والی گاڑی کا تعاقب شروع کیا، ملزمان نے بینک سے تعاقب کرکے واردات کی تھی۔

پولیس تفتیش کے مطابق واردات کا مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد لانڈھی کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، گرفتار ملزم خاور خان کورنگی کا رہائشی ہے جو پہلے بھی واردات میں گرفتار ہو چکا ہے، ملزم شاکر سے اس کی ملاقات جیل میں ہوئی تھی، رہائی کے بعد وہ پھر رابطے میں آگئے، واردات سے ایک دن قبل ملزم شاکر عرف شاہد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف ٹی سی بلڈنگ آیا تھا۔ 

ملزم خاور خان کے بیان کے مطابق بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں ملزم نے اچھی رقم حصے میں دینے کی آفر دی تھی، ملزم شاکر نے اس کی نشاندہی پر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی مگر فون پر صرف 20 لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا، اس نے شاکر سے حصے کی رقم مانگی تو شاکر نے موبائل فون بند کردیا۔

مزید خبریں :