Time 07 جنوری ، 2023
پاکستان

عمران نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کیے: پرویز الٰہی

پی ڈی ایم کی نیت اور سیاست میں کھوٹ ہے، یہ تمام جماعتیں ملکر بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں: وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو فائل
پی ڈی ایم کی نیت اور سیاست میں کھوٹ ہے، یہ تمام جماعتیں ملکر بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں: وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو فائل

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ عمران خان فیصلے کرتے وقت ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی اور وکیل فیصل چوہدری نے ملاقات کی جس میں جہلم اور فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے جبکہ پی ڈی ایم والوں کی نیت میں بھی کھوٹ ہے اور سیاست میں بھی، پی ڈی ایم کی حکومت نے چند ماہ کے اندر معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔

پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا پی ڈی ایم کے لوگوں نے اپنی کھوٹی سیاست کی خاطر ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، یہ اپنی نام نہاد سیاست بچانے کے لیے ملک سے کھلواڑ کر رہے ہیں، عوام پی ڈی ایم کی حکومت کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، عمران خان نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھ کر فیصلے کیے ہیں۔

اس موقع پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا وکلا برداری کی فلاح و بہبود کے لیے چوہدری پرویز الٰہی کا جذبہ قابل قدر ہے جبکہ افضل ساہی کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی نے مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

مزید خبریں :