08 جنوری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آج ون ڈے اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ کی، وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں،ان کے ری ہیب کا عمل جاری ہے۔
شاہین شاہ آفریدی گزشتہ چھ ماہ سے فٹنس مسائل کا شکار ہیں، تاہم اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونیوالے ورلڈ کپ میں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی مگر ورلڈ کپ کے بعد ایک بار پھر فٹنس مسائل نے ان کو کرکٹ سے دور کر دیا اور وہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت سے محروم رہے۔
تاہم اب وہ فٹنس بحال کرچکے ہیں اور بہت جلد ایکشن میں واپسی کیلئے تیار ہیں ۔
اتوار کو شاہین شاہ آفریدی نے کراچی میں پاکستان ون ڈے اسکواڈ کے ساتھ پریکٹس کی ، وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی ری ہیب کیلئے بولنگ کیلئے نیٹس پر آتے رہے تھے ۔
پریکٹس کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ نیٹس پر ساتھیوں کے ساتھ بولنگ ری ہیب کا حصہ ہے، اتوار کو انہوں نے چار اوورز کرائے جبکہ ہفتے میں انہوں نے مجموعی طور پر انیس اوورز کرائے، اگلے ہفتے میں ان کی تعداد بڑھ جائے گی۔
شاہین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھرپور ردھم میں بولنگ کرائی، گزشتہ ہفتے میں انیس اوورز کرائے جبکہ اگلے ہفتے میں وہ پچیس اوورز کرائیں گے، وہ اس بار ورلڈ کپ سے بھی زیادہ فٹ محسوس کررہے ہیں، ٹیم کے ساتھ رہ کر ری ہیب کافی اچھا ہوا ہے، اس میں فزیو نے کافی اہم کردار ادا کیا۔
22 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ ’اللہ کا شکر ہے کہ گراؤنڈ میں واپس آیا، کافی مس کر رہا تھا گراؤنڈ کو، ورلڈ کپ کے بعد ڈیڑھ ماہ دور رہا، کافی انتظار تھا کہ کب گراؤنڈ میں آؤں گا اور کب بولنگ کروں گا، ٹیم کے ساتھ رہ کر، ٹیم کے فزیو کی نگرانی میں کام کرکے میں اب کافی بہتر ہوں اور اب فل ردھم میں بولنگ کررہا ہوں اور کافی اچھا محسوس کر رہا ہوں'۔
ان کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ سے باہر رہنا مشکل ہوتا ہے، فیملی اور دوست حوصلہ بڑھاتے ہیں تو ایسے لمحات میں آسانی ہوتی ہے، فوکس یہ ہی تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا ہے اور اس ہی جذبے اور خواہش نے مجھے حوصلہ دیا کہ جلد کم بیک کروں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کم بیک کیلئے پی ایس ایل پر نظریں رکھی ہیں، اس سے پہلے وہ مکمل میچ ردھم کی بحالی کیلئے بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں دو میچز کھیل سکتے ہیں لیکن اس کا فیصلہ ورک لوڈ منیجمنٹ کی بنیاد پر ہی ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اہم برانڈ ہے، جس کا سب کو انتظار رہتا ہے، وہ بھی اس لیگ کے منتظر ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پی ایس ایل کے دوران بھرپور ایکشن میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کا اسکواڈ کافی اچھا ہے، ٹیم پہلے سے بھی مضبوط ہے، فینز کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی امید ہے کہ لاہور قلندرز پہلے سے بھی اچھا کھیل پیش کرے گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے میچ پیرکو کھیلا جائےگا جب کہ دوسرا میچ بدھ کو اور تیسرا میچ جمعےکو ہوگا۔
تینوں میچز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔