Time 14 جنوری ، 2023
کھیل

ورلڈکپ کی تیاری کر رہا ہوں، خود کو جلدی فٹ کروں گا، فخر زمان

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں سنچری اسکور کرنے والے پاکستانی بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ یہ سیریز میرے لیے بہت اہمیت کی حامل تھی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کا 281 رنز کا ہدف با آسانی8 وکٹوں پر پورا کرلیا،گلین فلپس ناقابل شکست63 رنز بناکر نمایاں رہے، اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے کیریئر کی 8ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ  یہ سیریز میرے لیے بہت اہمیت کی حامل تھی، ٹیم کا کمبینیشن جو بنا ہے وہ اچھا ہے۔

فخر زمان نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد یہ میری پہلی سیریز ہے، پاکستان کپ کے میچز میں نے درد میں کھیلے ہیں، اب پی سی بی کے تمام ٹیسٹ کر کے میں یہاں آیا ہوں، ورلڈکپ کی تیاری کر رہا ہوں ،خود کو جلدی فٹ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز نے اچھی بولنگ کی لیکن فلپ نے کیویز کو میچ جتوایا،  ایسا لگ رہا تھا کہ فلپس مختلف کرکٹ کھیل رہا ہے، ڈریسنگ روم میں ہم ولیمسن کے آؤٹ ہونے کا سوچ رہے تھے،نسیم شاہ ہوتا تو امید تھی وہ اچھی گیند کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم اچھے میچ جیتتے رہے ہیں، ورلڈ کپ کے لیے بھی اچھا کمبینیشن ہے ہمارا، دنیا  میں ہماری فاسٹ بولنگ مانی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ آخری ون ڈے میں  فخر زمان نے فیلڈنگ میں حصہ نہیں لیا کیوں کہ انہیں ہیمسٹرنگ کا مسئلہ ہوا، ان کی جگہ طیب حارث کو فیلڈنگ کیلئے طلب کیا گیا۔

مزید خبریں :