14 جنوری ، 2023
اسلام آباد: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسر ا مرحلہ کل ہوگا جس کیلئے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں 3 روز کے لئے مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے سینئر افسران انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کریں گے جب کہ سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کراچی میں انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق مرکزی کنٹرول روم کیلئے کام کا آغاز آج سے شروع ہوگیا ہے، انتخابات کے نتائج آنے تک بلا تعطل کام جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے، الیکشن عملےکو ڈپٹی کمشنر آفس غربی سائٹ سے سامان فراہم کیاجائےگا۔
خاتون پاکستان کالج اور وفاقی اردویونیورسٹی میں ڈسٹری بیوشن پوائنس قائم کردیے گئے ہیں اور الیکشن کا سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔