14 جنوری ، 2023
کراچی: الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات اتوار 15 جنوری کو ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر میں چیف الیکش کمشنر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید بھی شریک تھے جب کہ کراچی سے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
الیکشن کمیشن میں اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں کل ہی کراچی، حیدرآباد اور دادو میں کل ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس کا اعلامیہ
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ کراچی، حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے سے متعلق سندھ حکومت کے مراسلے کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سندھ حکومت پر امن انتخابات کے لیے فول پروف انتظامات کرے۔
دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان اعجاز انور نے بھی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے تیار ہے، ہم الیکشن کمیشن کے احکامات کے پابند ہیں، سندھ حکومت بھی آئینی طور پر پابند ہے کہ اس حوالے سے جو بھی ذمہ داریاں ہیں اسے نبھائے۔
واضح رہےکہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے کل کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جب کہ حساس اداروں کی جانب سے بھی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتخابات کے التوا کی درخواست کی گئی تھی۔