Time 16 جنوری ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن سے جاری عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل

عدالتوں سے ریلیف بھی لیتے ہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں، فواد چوہدری کو بتا دیں بہت ہو گیا اب برداشت نہیں کریں گے: عدالت۔ فوٹو فائل
عدالتوں سے ریلیف بھی لیتے ہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں، فواد چوہدری کو بتا دیں بہت ہو گیا اب برداشت نہیں کریں گے: عدالت۔ فوٹو فائل

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے الیکشن کمیشن سے جاری چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

الیکشن کمیشن سے جاری عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن توہین الیکشن کمیشن کی سماعت جاری رکھے۔

جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ عدلیہ قانون اور انصاف پر مبنی فیصلے کرتی ہے، عدلیہ سے ریلیف بھی لیتے ہیں اور میڈیا میں عدالتوں کو نشانہ بھی بناتے ہیں، میڈیا میں عدالتوں کو نشانہ بنانا توہین عدالت ہے۔

فاضل جج نے مزید کہا کہ فواد چوہدری نے میڈیا میں آئندہ عدالتوں کو نشانہ بنایا تو توہین عدالت کی کارروائی ہو گی، فواد چوہدری نے انٹرنیشنل چینل پر کرپشن کی ساری ذمہ داری عدالتوں پر ڈالی، ابھی تو عدالت آپ کو ریلف دے رہی ہے، فواد چوہدری کو جاکر بتا دیں ساری ذمہ داری عدالتوں پر نہ ڈالیں، فواد چوہدری جب بھی میڈیا سے بات کرتے ہیں تو ذمہ دار عدالتوں کو ٹھہراتے ہیں، بہت ہو گیا عدالت اب برداشت نہیں کرے گی۔

مزید خبریں :