17 جنوری ، 2023
بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت نے خوفناک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد پہلا پیغام جاری کیا ہے۔
رشبھ پنت نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میرا ریکوری کا عمل شروع ہوگیا ہے، میں آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہوں۔
بھارتی کرکٹر نے لکھا کہ نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں،ساتھی کرکٹرز، ڈاکٹرز اور دیگر لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری ہمت باندھی اور حوصلہ دیا۔
رشبھ نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میرا آپریشن کامیاب رہا، ساتھ ہی انہوں نے گورنمنٹ حکام، بی سی سی آئی اور جے شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں رشبھ نے روڈ حادثے کے بعد مدد اور اسپتال پہنچانے والے 2 نوجوانوں رجت کمار اور نشو کمار کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ 30 دسمبر کو وکٹ کیپر بیٹر کی گاڑی کو گھر واپس جاتے ہوئے دہلی کے ہائی وے پر اترکھنڈ کے قریب حادثہ پیش آیا تھا۔
رشبھ کی گاڑی کو ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔