12 فروری ، 2025
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ جب اللہ کی طرف سے مدد ہوتی ہے تو ریکارڈ بنتا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں جیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ جنوبی افریقا 320 تک رنز بنائے گا مگر کلاسن اسکور 350 تک لے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور فخر زمان نے اچھا آغاز کیا مگر وکٹیں گریں تو ہمیں پلان روکنا پڑا، بابر اعظم سب سے سلجھے ہوئے بیٹر ہیں اس لیے ان سے اوپن کرایا۔
محمد رضوان نے کہا کہ میں 18 ویں اوور تک اسکرین دیکھ ہی نہیں رہا تھا، پانچ پانچ اوور کا پلان لے کر چلے تھے جس میں کامیابی ملی۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں بولنگ کو بہتر کرنا ہوگا۔
بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اتنے رنز بناچکے ہیں کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ ہر میچ میں سنچری کریں، میری بھی قوم کی طرح ہمیشہ بابر سے توقع ہوتی ہے وہ بڑا اسکور کریں، بابر پر بھی اس بات کا پریشر ہوتا کہ وہ رنز کریں، امید ہے بابر اعظم جلد بڑا اسکور کریں گے۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ صائم ایوب کا نہ ہونا ہمارا بہت بڑا نقصان ہے، ان کے نہ ہونے سے فرق پڑا ہے۔