13 فروری ، 2025
2022 میں ہونے والے کار حادثے میں بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کی جان بچانے والے 25 سالہ رجت کمار نے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ زہر کھالیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 9 فروری کو اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے گاؤں بوچھا بستی میں پیش آیا۔
رجت کمار اور اس کی 21 سالہ گرل فرینڈ منو کیشپ نے مبینہ طور پر زہر کھالیا کیونکہ ان کے گھر والے ان کے رشتے کے خلاف تھے تاہم منو کیشپ کی دوران علاج موت ہوگئی جب کہ رجت کمار کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
بھارتی رپورٹس کے مطابق ان کے خاندانوں نے ان کی شادیاں کہیں اور طے کردی تھیں اور ذات پات کے اختلاف کی وجہ سے ان کا رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا، اس انکار نے انہیں مبینہ طور پر خودکشی پر مجبور کر دیا۔
منو کیشپ کی موت کے بعد اس کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ رجت کمار نے ان کی بیٹی کو اغوا کیا اور اسے زہر دیا۔
واضح رہے کہ رجت کمار نے دسمبر 2022 میں اس وقت قومی توجہ حاصل کی جب انہوں نے ایک اور شخص نیشو کمار کے ساتھ مل کر کرکٹر رشبھ پنت کو پیش آنے والے بدترین حادثے میں ان کی جان بچائی۔
رشبھ پنت دہلی سے اتراکھنڈ جا رہے تھے جب ان کی مرسڈیز کو حادثہ پیش آیا اور ان کی گاڑی میں آگ لگ گئی۔
رجت اور نیشو کمار نے مل کر بروقت رشبھ کو گاڑی سے نکالا اور قریبی اسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج ہوا۔